ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک میں کم ہوئی کورونا کی”آر -ویلیو“ اگلے14دن میں پیک پر ہوگی کورونا کی لہر

ملک میں کم ہوئی کورونا کی”آر -ویلیو“ اگلے14دن میں پیک پر ہوگی کورونا کی لہر

Mon, 24 Jan 2022 10:56:18    S.O. News Service

نئی دہلی ، 24؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کی شرح بتانے والی آر-ویلیو14جنوری سے21جنوری کے درمیان مزید کم ہو کر1.57رہ گئی ہے اور ملک میں انفیکشن کی تیسری لہرکے آنے والے15دنوں میں اپنے عروج پر پہنچنے کا امکان ہے - یہ جانکاری انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مدراس کے ابتدائی تجزیے میں دی گئی ہے - آر ویلیو بتاتی ہے کہ ایک شخص کتنے لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے - اگر یہ شرح ایک سے نیچے چلی جاتی ہے تو یہ سمجھا جاتا ہے کہ عالمی وبا ختم ہو چکی ہے -

آئی آئی ٹی مدراس کے ذریعہ ”پی ٹی آئی بھاشا“کے ساتھ شیئر کئے گئے تجزیہ کے مطابق 14جنوری سے21جنوری کے درمیان آر ویلیو 1.57درج کی گئی، جو سات سے13جنوری کے درمیان 2.2 ایک سے6جنوری کے درمیان چار اور25دسمبر سے31دسمبر کے درمیان2.9تھی -

پروفیسر نیلیش ایس اپادھیائے اور پروفیسر ایس سندر کی سربراہی میں آئی آئی ٹی مدراس کے شعبہ ریاضی اور سینٹر آف ایکسی لینس فار کمپیوٹیشنل میتھ میٹکس اینڈ ڈیٹا سائنس نے کمپیوٹیشنل ماڈلنگ کے ذریعہ ابتدائی تجزیہ کیا - اعداد و شمار کے مطابق ممبئی کی آر ویلیو 0.67، دہلی کی آر ویلیو0.98، چنئی کی آر ویلیو 1.2اور کولکاتہ کی آر ویلیو 0.56ہے-

آئی آئی ٹی مدراس کے شعبہ ریاضی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جینت جھا نے بتایا کہ ممبئی اور کولکاتہ کی آر ویلیوز بتاتی ہیں کہ وہاں وبا کا پیک ختم ہو گیا ہے، جب کہ دہلی اور چنئی میں یہ اب بھی ایک کے قریب ہے -

انہوں نے کو بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آئی سی ایم آر کے نئے رہنما خطوط کے مطابق متاثرین کے ساتھ رابطے میں آنے والے لوگوں کا سراغ لگانے کی لازمیت کو ختم کر دیا گیا ہے اور اس لئے پہلے کے مقابلہ میں انفیکشن کے کم کیس رپورٹ کئے جا رہے ہیں -

جھا نے بتایا کہ ان کے تجزیہ کے مطابق اگلے 14دنوں میں 6فروری تک کورونا وائرس کا پیک آجائے گا - اس سے پہلے یہ پیشین گوئی کی گئی تھی کہ یکم فروری سے 15فروری کے درمیان تیسری لہر پیک پر ہوگی -


Share: